لاہور، دودھ اور دہی کی من مانی قیمتوں پر فروخت ، انتظامیہ بے بس

 دودھ 240 روپے فی لیٹر، دہی 260 روپے فی کلو  تک فروخت ہونے لگا
لاہور(آئی این پی )لاہور میں دودھ اور دہی سرکاری نرخوں کے بجائے من مانی قیمتوں پر فروخت ہونے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ انتظامیہ سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد کرانے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں دودھ 200 سے 240 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا ہے، حالانکہ حکومت نے اس کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر کر رکھی ہے، اسی طرح دہی 240 سے 260 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر دکاندار اپنی مرضی کا ریٹ وصول کر رہا ہے، جس سے عوام کو شدید مالی بوجھ کا سامنا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ فوری کارروائی کرتے ہوئے سرکاری نرخنامے پر دودھ اور دہی کی فروخت یقینی بنائے۔