دودھ ، دہی کی مہنگے داموں فروخت

لاہورمیں سرکاری نرخ نامہ نظر انداز،دودھ 230 روپے لیٹر تک فروخت، دہی کی قیمتیں بھی بے قابو
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور سمیت شہر میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں بے قابو اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ سرکاری نرخ نامے پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔سرکاری قیمت کے مطابق دودھ کی فی لیٹر قیمت 170 روپے مقرر ہے، تاہم مختلف علاقوں میں دودھ 230 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔دوسری جانب دہی کی قیمت مقرر نہ ہونے کے باعث دکاندار من مانے دام وصول کر رہے ہیں اور دہی 240 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پرائس کنٹرول کی عملداری نہ ہونے سے وہ مہنگا دودھ اور دہی خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ دودھ فروش سرکاری ریٹ لسٹ کو کھلے عام نظر انداز کر رہے ہیں۔عوام نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ مہنگائی پر قابو پایا جا سکے