لاہور میں دودھ اور دہی کی من مانے نرخوں پر فروخت جاری

  اوپن مارکیٹ میں دودھ 200 سے 240 اور دہی  220 سے 250 روپے فی کلو تک فروخت
لاہور(آئی این پی)مہنگائی کے ستائے شہریوں کے لیے بنیادی اشیائے خورونوش کی قیمتیں مسلسل دردِ سر بنی ہوئی ہیں، جبکہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔  دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں دکاندار کھلے عام من مانے نرخ وصول کر رہے ہیں، اوپن مارکیٹ میں دودھ 200 سے 240 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔ اسی طرح دہی کی قیمت بھی قابو سے باہر دکھائی دے رہی ہے سرکاری نرخوں کے برعکس مختلف علاقوں میں دہی 220 سے 250 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ قیمتوں میں یکسانیت نہ ہونے کے باعث ہر دکاندار اپنی مرضی کے مطابق نرخ وصول کر رہا ہے۔