منتخب نمائندوں کی اصل ذمہ داری یہ ہے وہ اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل حل کریں:سپیکر
لاہور(خصوصی رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ جس تبدیلی کے ہم خواہاں ہیں اور جس پاکستان کو ہم دیکھنا چاہتے ہیں، وہ تبدیلی ہمارے نوجوانوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ نوجوان ملک کا سب سے قیمتی اثاثہ ہیں اور انہیں مواقع فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔کھڈیاں خاص، ضلع قصور میں منعقدہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی ترقی اور انہیں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ حقِ حکمرانی عوام کا حق ہے اور منتخب نمائندوں کی اصل ذمہ داری یہ ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوام کے مسائل حل کریں، کیونکہ حقیقی بہتری اسی وقت آئے گی جب نمائندے اپنے علاقوں اور عوام سے جڑے رہیں گے۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کا نوجوان باشعور، تعلیم یافتہ اور اپنے حقوق و ذمہ داریوں سے آگاہ ہو۔ یہ سیاست، یہ حکومت اور یہ ریاست سب عوام کی ہے۔ نوجوانوں کو ملک کے مستقبل میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔سپیکر ملک محمد احمد خاں نے ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے دشمن ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ پاک فوج کے جوان ملک کے تحفظ کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں اور پاکستان کا نوجوان اپنی افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑا ہے