امریکہ ، ایران کو دوبارہ اسلام آباد معاہدے کی طرف لانے کی کوشش کر رہے ہیں،مشرق وسطی میں سکیورٹی صورتحال پر تشویش ہے
بھارت کا پاکستان ٹی وی، سوشل میڈیا اکائو نٹس تک روکنا مضحکہ خیز ہے،بھارت خطے اور عالمی امن کو خطرے میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے
اسلام آباد(آئی این پی )دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے پاکستان کو مشرق وسطی میں سکیورٹی صورتحال پر تشویش ہے، سفارت کاری ہی واحد راستہ ہے، فریقین کے درمیان مذاکرات جاری ہیں، گزشتہ کچھ دن صورتحال میں بہتری رہی، ہم کوشش کررہے ہیں کہ فریقین کو اسلام آباد ایم او یو پر واپس لایا جائے، پاکستان ایران امریکا معاملے میں اپنا کردار جاری رکھے گا۔جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران طاہر اندرابی نے بتایا کہ ایران امریکا جنگ بندی برقرار رکھنے اورمذاکرات بحالی کی کوششوں کاخیرمقدم کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیاں جاری مخاصمت کو خطے کے دیگر حصوں تک نہیں پھیلنا چاہئے، ہم نے سعودی وزارت دفاع کا بیان دیکھا ہے، سعودی وزارت دفاع کے مطابق عراق سے متعدد ڈرونز کے زریعے سعودی عرب کو نشانہ بنایا گیا۔ترجمان نے کہا کہ اس صورتحال پر ہم نے سعودی عرب کی پوزیشن دیکھنا ہے، مجھے علم نہیں کہ عراق نے کوئی بیان جاری کیا ہے یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں حقائق پر مبنی رپورٹنگ کیلئے کوئی گنجائش نہیں رہی، بھارت آزاد آوازوں کو دبانے کیلئے جبرانہ اور پابندیوں پر مبنی اقدامات پر انحصار کررہا ہے