شواہد سے ظاہر ہوا جنگ بندی کیلئے بھارت نے تیسرے ملک سے مداخلت کروائی دفترخارجہ

بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا  ہے‘جہلم یا نیلم دریا پر  ڈیم نہیں بنا سکتا  پاک فضائیہ دنیا میں کہیں بھی مسلح تصادم میں شریک نہیں 
 طالبان رجیم سے قابل تصدیق تحریری یقین دہانی کی ضرورت ہے تاکہ افغان سرزمین دہشت گردی میں استعمال نہ ہو اور تعلقات کی نئی بنیاد رکھی جا سکے
 پاکستان ایران کے خلاف کسی بھی بیرونی جارحیت  کیخلاف ہے ،صومالی لینڈ کی غیر قانونی ریاست کی مخالفت کی ہے، یہ  صومالیہ کو تقسیم کرنے کی سازش ہے
    اسلا م آباد(آئی این پی )دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے پاک فضائیہ کے دنیا میں کسی بھی مسلح تصادم میں شرکت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجی بھیجنے کے کسی فیصلے کی معلومات نہیں ،  قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا،  انہوں نے بھارتی وزیر خارجہ کے حالیہ بیانات کو بھی غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا  اور کہا    کہ  بھارت کو پاکستان کو لیکچر دینے کی بجائے اپنے رویے کا جائزہ لینا چاہیے، اور اپنے اقدامات پر نظر ثانی کرنی چاہیے،بھارت عالمی سطح پر دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے ، شواہد سے ظاہر ہوا مئی تنازع میں جنگ بندی کیلئے بھارت نے تیسرے ملک سے مداخلت کروائی۔ بھارت  پاکستان کے خلاف جارحیت  پرحقائق کو نہیں چھپا سکتا۔ترجمان دفتر خارجہ نے جمعرات کو  میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ میں خبر رساں ادارے رائٹرز کی سعودی عرب کو جے ایف 17 طیاروں کی فروخت سے متعلق خبر پر سوال کا جواب دیتے ہوئے   کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاع سمیت متعدد شعبوں میں تعاون موجود ہے، دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط اور کثیر الجہتی نوعیت کا ہے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب سے کسی مخصوص دفاعی پلیٹ فارم یا قرض پر کسی حتمی معاہدے کی اطلاع نہیں ہے، کسی بھی ممکنہ دفاعی معاہدے کی تصدیق باضابطہ تکمیل کے بعد کی جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مزید پاکستانی فوجی بھیجنے کے کسی فیصلے کی معلومات نہیں ہیں، فوجیوں کی تعداد میں اضافے سے متعلق قیاس آرائیوں پر کوئی تبصرہ نہیں کیا جاسکتا، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان متعدد دفاعی منصوبے زیرِ غور ہیں۔طاہر اندرابی نے کہا کہ لگسمبرگ میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کا دیا گیا بیان بھارتی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے