امریکی نئی پابندیاں ایرانی قوم کے خلاف کھلی دشمنی ہیں: ایران

امریکی نئی پابندیاں ایرانی قوم کے خلاف کھلی دشمنی ہیں: ایران

تہران: ایران نے امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کو غیر قانونی، ظالمانہ اور ایرانی قوم کے خلاف کھلی دشمنی قرار دے دیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی پابندیوں کا مقصد ایران کو کمزور کرنا اور ایرانی عوام کے بنیادی حقوق کو پامال کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پابندیاں بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی واضح خلاف ورزی ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے، جبکہ ایرانی قوم اپنے وقار اور مفادات کا بھرپور دفاع کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دھمکیاں اور پابندیاں ایران کے پختہ عزم اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے جذبے کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے گزشتہ روز ایران کے شپنگ نیٹ ورک پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں، جس پر امریکی محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ نیٹ ورک ایران اور روس سے تیل اور پیٹرولیم مصنوعات دنیا بھر کے خریداروں تک پہنچاتا تھا اور ایرانی حکومت کو اربوں ڈالر کا منافع دیتا رہا ہے۔