سافٹ ویئر آپریٹر فرحان نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ نکلا،اشیاء کی چوری کے لیے ساتھیوں کو جعلی اکائونٹ بناکردیتا تھا
لاہور(کرائم رپورٹر)اِن ڈرائیو ایپ کے ذریعے شہریوں سے لوٹ مار کرنے والا نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا۔ان ڈرائیو ایپ کا سافٹ ویئر آپریٹر ہی نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ نکلا۔پولیس کے مطابق ایس ایچ او گلبرگ تیمور عباس نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایپ سے لوٹ مار میں ملوث گروپ کے 4 ارکان کوگرفتار کر لیا۔مرکزی ملزم فرحان ان ڈرائیو ایپ آفس میں سافٹ ویئر آپریٹر کے طور پر کام کرتا تھا۔ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ ملزم فرحان اپنے دیگر 3 ساتھیوں کو جعلی اکاؤنٹ بنا کر دیتا تھا ،جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے ملزمان شہریوں کی کوریئر کی گئی اشیاء چوری کر فرار ہوجاتے تھے،ملزمان ابتک لاکھوں کی اشیاء ان ڈرائیو ایپ پر جعلی اکاؤنٹ بنا کر لوٹ چکے ہیں،ملزمان سے لاکھوں مالیت کی چوری شدہ الیکٹرانکس اشیاء ، کپڑے و دیگر چیزیں ،2 پستول برآمد کر لئے گئے۔گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم فرحان، کاشف، فیصل اور ولید شامل ہیں ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔