سیف سٹی الرٹ پر کارروائی، بلیک لسٹ گاڑی فیصل چوک سے برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور میں ڈولفن سکواڈ نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ٹیسٹ ڈرائیو کے بہانے قیمتی گاڑی لے کر فرار ہونے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ڈولفن سکواڈ کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے گاڑی کے حوالے سے الرٹ موصول ہوا، جس پر ڈولفن ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو مال روڈ فیصل چوک کے قریب راؤنڈ اپ کرلیا۔ترجمان کے مطابق برآمد ہونے والی گاڑی بلیک لسٹ تھی اور اس کے متعلق تھانہ جوہر ٹاؤن میں مقدمہ بھی درج تھا۔ گرفتار ملزم جہانزیب مبینہ طور پر دو ماہ قبل ٹیسٹ ڈرائیو کے بہانے گاڑی لے کر فرار ہوگیا تھا۔ پولیس نے کارروائی کے دوران گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔ڈولفن سکواڈ نے گرفتار ملزم اور برآمد شدہ گاڑی کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانہ سول لائنز کے حوالے کردیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم سے گاڑی چھیننے یا فراڈ کے طریقہ کار سمیت دیگر پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے۔ایس پی ڈولفن بلال احمد نے کہا کہ شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔