جاپان اور روس کے درمیان حالیہ زلزلے اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سونامی کی لہروں نے جاپانی نجومی ریو تاتسوکی کی پراسرار پیش گوئی کو عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کے کاماچتکا جزیرہ میں 8.8 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے اثرات جاپان کے ہوکائیڈو اور روس کے کوریل جزائر تک محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد جاپان میں سونامی کا الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی۔اس دوران سوشل میڈیا پر ریو تاتسوکی، جنہیں "جاپانی بابا وانگا" کہا جاتا ہے، کی 1999ء میں شائع ہونے والی مانگا سیریز The Future I Saw ایک بار پھر زیر بحث آ گئی، جس میں انہوں نے جولائی 2025 میں جاپان میں بڑی قدرتی آفت کی پیش گوئی کی تھی۔ دلچسپ طور پر یہ واقعہ 30 جولائی کو پیش آیا، جسے صارفین نے ان کی پیشگوئی کے ساتھ جوڑ دیا۔
کچھ سوشل میڈیا صارفین نے اس پیشگوئی کو حیرت انگیز قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے محض اتفاق اور مبہم قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق اس پیشگوئی کے بعد ہانگ کانگ سے جاپان کے لیے سیاحتی بکنگز میں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ادھر جاپانی ماہرین اور حکام نے ان دعوؤں کو غیر سائنسی قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ سائنسی حقائق پر توجہ دیں اور افواہوں سے گریز کریں۔