بابا وانگا کی پیشگوئی: خوفناک میگا سونامی کا خدشہ

بابا وانگا کی پیشگوئی: خوفناک میگا سونامی کا خدشہ

جاپان کی معروف پیش گوئی کرنے والی شخصیت ریو تاتسوکی، جنہیں "جاپان کی بابا وانگا" کے نام سے جانا جاتا ہے، نے 2025 میں جاپان اور اس کے ہمسایہ ممالک کے لیے ایک خوفناک میگا سونامی کی پیش گوئی کی ہے۔

ان کی پیش گوئیاں ہمیشہ خبروں کی سرخیاں بنتی رہی ہیں، اور حالیہ پیش گوئی نے جاپانی حکومت اور عوام میں تشویش پیدا کر دی ہے۔ریو تاتسوکی نے دعویٰ کیا کہ جولائی 2025 میں جاپان کے نانکائی ٹراؤ کے علاقے میں ایک شدید میگا زلزلہ آئے گا جس کی شدت 8 سے 9 درجے تک ہو سکتی ہے۔ اس زلزلے کے نتیجے میں جاپان میں تقریباً 2 لاکھ 98 ہزار افراد کی ہلاکتوں اور 1.8 ٹریلین ڈالر کے معاشی نقصان کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ پیش گوئی جاپان میں ماضی میں آنے والی قدرتی آفات کی روشنی میں کی گئی ہے، خاص طور پر 2011 میں آنے والے توہوکو زلزلہ اور سونامی کے بعد۔اس پیش گوئی کے بعد، جاپانی حکومت نے اپنی تیاریاں مزید تیز کر دیں اور نانکائی ٹراؤ کے علاقے میں ممکنہ میگا زلزلے اور سونامی کے اثرات کے بارے میں عوام کو آگاہ کیا ہے۔ حکومت نے سونامی کے خطرے کو نظر میں رکھتے ہوئے شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

پیش گوئی کے مطابق، اگر یہ سونامی حقیقت میں آیا تو اس سے جاپان کے علاوہ دیگر ہمسایہ ممالک بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔ اس سونامی کا حجم اتنا بڑا ہو گا کہ اس کی تباہی کا دائرہ وسیع ہوگا، اور جاپانی معیشت پر اس کے اثرات سنگین ہوں گے۔یاد رہے کہ تاتسوکی نے 2011 میں توہوکو زلزلہ اور سونامی کی پیش گوئی کی تھی، جو حقیقت میں سامنے آئی۔ ان کی اس پیش گوئی کے بعد لوگوں کی توجہ مزید بڑھ گئی ہے، اور جاپانی حکومت نے ان پیش گوئیوں کے حوالے سے اپنی تیاریوں میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس طرح کی ممکنہ آفات کا مقابلہ کیا جا سکے۔