مولانا فضل الرحمٰن کے دیرینہ ساتھی جلال الدین ایڈووکیٹ کا انتقال

مولانا فضل الرحمٰن کے دیرینہ ساتھی جلال الدین ایڈووکیٹ کا انتقال

پشاور: جے یو آئی (ف) کے قریبی ساتھی اور صوبائی صدر جمیعت علماء اسلام لائرز فورم خیبر پختونخواہ، جلال الدین ایڈووکیٹ انتقال کر گئے۔

 مرحوم کی نماز جنازہ مفتی محمود مرکز پشاور میں ادا کی گئی۔ ان کی وفات نے جماعتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا پیدا کر دی ہے۔جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے جنوبی افریقہ سے ایک تعزیتی پیغام میں کہا کہ جلال الدین ایڈووکیٹ میرے دیرینہ رفیق اور نہایت بااعتماد ساتھی تھے، جنہوں نے ہر ذمہ داری کو دیانت، حکمت اور اخلاص کے ساتھ نبھایا۔ ان کی جدائی میرے لیے ذاتی طور پر بھی صدمے کا باعث ہے۔مولانا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ جمعیت علماء اسلام ایک مخلص اور قابل رہنما سے محروم ہو گئی ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔

جمعیت علماء اسلام پنجاب کے قائم مقام امیر مولانا محمد صفی اللہ، سیکرٹری جنرل حافظ نصیر احمد احرار، نائب امرا اور صوبائی ترجمان نے بھی جلال الدین ایڈووکیٹ کے انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔قائم مقام امیر نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مرحوم نے جمعیت علماء اسلام کے لیے سیاسی، بین الاقوامی تعلقات اور سفارتی میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں، اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے مرحوم کے بلند درجات اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔