مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، پولیس کے چھاپے شروع

مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری، پولیس کے چھاپے شروع

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے قریبی ساتھی مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے۔

 انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد کے احکامات کے بعد پولیس نے مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں، تاہم وہ تاحال گرفتار نہیں ہو سکے۔تفصیلات کے مطابق مفتی ابرار کو اسلام آباد کے سیکٹر آئی نائن فور میں فاروق اعظم مسجد کے قریب مبینہ غیر قانونی اجتماع، سڑک کی بندش اور پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کے مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ واقعے کے حوالے سے تھانہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس میں جے یو آئی (ف) کے کارکنان اور دیگر افراد پر مختلف الزامات عائد کیے گئے ہیں۔درج مقدمہ نمبر 1212/26 کے مطابق جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے مبینہ طور پر پیشگی اجازت کے بغیر اجتماع منعقد کیا، جس کے باعث سڑک کی بندش اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ پولیس کی جانب سے اجتماع روکنے کی کوشش پر مبینہ طور پر اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا، جبکہ سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچانے اور سرکاری امور میں مداخلت کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق واقعے کے دوران مبینہ طور پر اسلحے کے زور پر سرکاری اہلکاروں کو سرکاری فرائض کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ مقدمے میں مزید الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس صورتحال کے باعث عام شہریوں، مسافروں اور قریبی رہائشی فلیٹس میں مقیم افراد کی جان و مال کو بھی خطرات لاحق ہوئے۔کیس کی عدالتی کارروائی کے دوران انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت اسلام آباد نے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مفتی ابرار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم دیا۔

عدالتی احکامات موصول ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے مفتی ابرار کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کی جانب سے ان کی تلاش جاری ہے، تاہم فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق تاحال ان کی گرفتاری عمل میں نہیں آ سکی۔