مسافر ٹرین کراچی کی جانب رواں دواں تھی، مونہ سٹیشن کے قریب حادثہ
مسافروں میں خوف و ہراس، ریلیف ٹرین موقع پر پہنچ گئی، انکوائری کا اعلان
میانی ( خصوصی رپورٹ)مونہ ریلوے سٹیشن کے قریب ہزارہ ایکسپریس ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی، جہاں ٹرین کی پانچ کوچز پٹڑی سے اتر گئیں۔ تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں تمام مسافر محفوظ رہے۔ریلوے حکام کے مطابق ہزارہ ایکسپریس ہزارہ سے کراچی کی جانب رواں دواں تھی کہ مونہ سٹیشن کے قریب اچانک ٹریک پر تکنیکی خرابی کے باعث ٹرین کی چند کوچز ڈی ریل ہو گئیں، جس کے باعث مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی لالہ موسیٰ سے ریلیف ٹرین موقع پر پہنچ گئی، جو ڈی ریل ہونے والی کوچز کی بحالی کا کام انجام دے رہی ہے۔ ریلوے انجینئرنگ ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور ٹریک کی مرمت کا عمل جاری ہے۔ریلوے انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، مسافروں نے جانی نقصان نہ ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم ریلوے ٹریک اور سکیورٹی انتظامات پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔