لودھراں: عوام ایکسپریس کی 6بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، ایک مسافر جاں بحق،21زخمی

ٹرین لودھراں جنکشن پر رک نہ سکی اور ٹریک پر پہلے سے کھڑی مال گاڑی کے انجن سے جا ٹکرائی،خوفناک مناظر، مسافروں کی چیخ و پکار 
 وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، وزیر ریلوے  آج لودھراں میں جائے حادثہ کا دورہ کریں گے
لودھراں،اسلام آباد(آئی این پی )پشاور سے آکر لاہور سے کراچی جانے والی عوام ایکسپریس لودھراں ریلوے اسٹیشن کے قریب بڑے حادثے کا شکار ہوگئی، ٹرین کی 6 بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 21 زخمی ہوگئے۔ابتدائی اطلاع کے مطابق ٹرین لودھراں جنکشن پر رک نہ سکی اور ٹریک پر پہلے سے کھڑی مال گاڑی کے انجن سے جا ٹکرائی۔عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد موقع پر خوفناک مناظر دیکھنے میں آئے، مسافروں کی چیخ و پکار سے فضا گونج اٹھی۔ بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کی۔ریسکیو 1122، پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا ہے جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر لودھراں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنی نزیر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے ڈی ایچ کیو اسپتال میں ٹرین حادثے کے زخمی مسافروں کی عیادت اور انہیں ناشتہ بھی فراہم کیا، لودھراں ٹرین کے مسافروں کے آرام کے لیے میونسپل اسٹیڈیم میں انتظامات مکمل کر دئیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر لودھراں نے جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن کی نگرانی کی۔جاں بحق ہونے والے مسافر کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی ہے جو خوشاب کا رہائشی تھا۔حادثے کے باعث ڈائون ٹریک بند ہوگیا، ریلوے عملے کو امدادی کام جلد مکمل کرکے ڈائون ٹریک بحال کرنے کی ہدایت کر دی گئیں۔ حادثہ والی ٹرین کے مسافروں کو متبادل ٹرین کے ساتھ منزل کی طرف روانہ کر دیا گیا۔دریں اثناء    عوام ایکسپریس حادثہ کے بعد وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کراچی کا دورہ منسوخ کرتے ہوئے لاہور روانہ ہوگئے۔وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا، وزیر ریلوے  آج (پیر کو)لودھراں میں جائے حادثہ کا دورہ بھی کریں گے۔وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ کسی طور پر بھی کسی کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے، حادثہ کے ذمہ داران کیخلاف صرف تادیبی کارروائی نہیں ہوگی بلکہ سخت ایکشن ہوگا۔وزیر ریلوے نے جائے حادثہ کی انکوائری کا حکم دیتے ہوئے 7 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔