شالیمار ایکسپریس ، جعفر ایکسپریس پٹڑی سے اتر گئیں،مسافر محفوظ رہے

 ٹریک پر ٹرینوں کی آمدوروفت معطل،حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا 
کراچی(آئی این پی )ملک میں مزید 2 مسافر ٹرینیں حادثات کا شکار ہوگئیں ۔ ریلوے حکام کے مطابق رائیونڈ میں کراچی سے لاہورجانیوالی شالیمار ایکسپریس پٹڑی سے اترگئی، ریلوے حکام کے مطابق حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا۔مسافروں کوریلیف ٹرین کے ذریعے منزل کی طرف روانہ کردیا گیا ، حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔دوسری جانب پشاور سے کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس بھی حادثے کا شکار ہوئی جس کی ایک بوگی گوجرخان کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گھنگھریلہ اور گوجرخان کے درمیان بوگی پٹڑی سے اتری، جعفر ایکسپریس صبح 6 بجے پشاور سے روانہ ہوئی تھی۔بوگی پٹڑی سے اترنے کے باعث ٹریک پر ٹرینوں کی آمدوروفت معطل ہوگئی، ریلوے حکام ٹریک کی بحالی کیلئے موقع پر موجود ہیں۔یاد رہے ایک روز قبل راولپنڈی سے کراچی جانے والی پاکستان ایکسپریس بھی کھاریاں کے قریب ڈیل ریل ہوئی تھی۔