مستونگ میں سپیزنڈ ریلوے سٹیشن کے قریب ٹریک پر آئی ای ڈی ڈیوائس سے دھماکہ کیا گیا‘ٹرین کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی‘15اگست تک ٹرین سروس بند
کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک بلوچستان میں چاروں صوبوں کو جوڑنے والی جعفر ایکسپریس کے ریلوے ٹریک پر دھماکا ہو گیا جس سے ٹرین کا انجن اور 5 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، 4 مسافر معمولی زخمی ہوئے ہیں۔ریلوے حکام نے بتایا مستونگ میں سپیزنڈ ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر آئی ای ڈی ڈیوائس سے دھماکہ ہوا ‘ جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور جارہی تھی، اس واقعہ میں ٹرین کو نقصان پہنچا ہے مگر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی ہیں۔واضح رہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنانے کی کوششیں بڑھتی جا رہی ہے، چند روز پہلے بھی جعفر ایکسپریس کے ٹریک کو بم دھماکے کا نشانہ بنایا گیا تھا، اس سے قبل جعفر ایکسپریس کے پائلٹ انجن پر فائرنگ کی گئی تھی۔