عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں شدید کمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث قیمتی دھاتوں کے نرخ ریکارڈ سطح تک نیچے آ گئے ہیں۔
عالمی سطح پر سونے کی قیمت میں 12 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت کم ہو کر 4850 ڈالر کی سطح پر آ گئی ہے۔ اسی طرح چاندی کی قیمت میں 30 فیصد کمی دیکھی گئی ہے، جس کے بعد چاندی کی فی اونس قیمت 83 ڈالر تک آ گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع کی وصولی کے باعث عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت پر شدید دباؤ دیکھنے میں آیا۔ گزشتہ روز سونے کی فی اونس قیمت میں 355 ڈالر کمی کے بعد نرخ 5150 ڈالر تک آ گئے تھے، جبکہ آج مزید 300 ڈالر کمی کے باعث قیمت مزید نیچے گر گئی۔ اس سے قبل سونا 5505 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔
عالمی منڈی میں قیمتوں میں اس نمایاں کمی کے اثرات پاکستان میں بھی واضح طور پر سامنے آئے ہیں۔ پاکستان میں ایک ہی دن میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 35 ہزار 500 روپے کی تاریخی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد فی تولہ سونا 5 لاکھ 37 ہزار 362 روپے پر آ گیا ہے۔اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 30 ہزار 435 روپے کم ہو کر 4 لاکھ 60 ہزار 701 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے، جہاں فی تولہ چاندی 1106 روپے سستی ہو کر 11 ہزار 69 روپے پر آ گئی ہے۔