امریکا، ایران کشیدگی کے اثرات، عالمی منڈی میں سونا اور چاندی سستے

امریکا، ایران کشیدگی کے اثرات، عالمی منڈی میں سونا اور چاندی سستے

امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی اور فوجی کارروائیوں کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، جبکہ سونے اور چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔

رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں ایک وقت میں 1.6 فیصد تک کمی دیکھی گئی، جبکہ گزشتہ ہفتے بھی سونے کی قیمت میں مجموعی طور پر 1.4 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔دوسری جانب آبنائے ہرمز کی صورتحال بدستور غیر یقینی ہے۔ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو "غیر معینہ مدت تک بند" کرنے کے دعوے کے بعد امریکا نے اس بیان کی تردید کی ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق ایک مال بردار بحری جہاز پر حملے کے جواب میں امریکی افواج نے ایک ہفتے کے دوران چوتھی مرتبہ ایران میں مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی مہنگائی میں مزید اضافہ اور مختلف ممالک کے مرکزی بینکوں کی جانب سے شرحِ سود میں اضافے کے امکانات بھی بڑھ سکتے ہیں۔