امریکہ اسرائیل کے علاوہ کسی کا دوست نہیں ، فوج بھیجنا امریکہ کیساتھ اسرائیل کی ہاں میں ہاں ملانا ہے
قومی پالیسی کے انحراف پر مبنی حکمرانوں کا یکطرفہ فیصلہ قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی:امیر جماعت اسلامی
لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ وہ غزہ فوج بھیجنے کے مسئلہ پر سیاسی و مذہبی پارٹیوں کے رہنماؤں سے رابطے کریں گے، قومی پالیسی کے انحراف پر مبنی حکمرانوں کا یکطرفہ فیصلہ قوم کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ ٹرمپ کا مجوزہ غزہ امن بورڈ عالمی امن کو مزید تباہی سے دوچار کرے گا۔منصورہ کی جامع مسجد میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے سود پر مبنی قومی معیشت، آئی پی پیز مہنگے معاہدوں ، افسر شاہی کے تسلط، سیاسی پارٹیوں میں خاندانی اجارہ داری ، کراچی اور سندھ کی تباہ صورتحال اور پنجاب کے عوام دشمن بلدیاتی نظام کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور قوم سے اپیل کی کہ فرسودہ نظام کی تبدیلی کی جدوجہد میں جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی قوم اور امت کے اتحاد کے لئے کوشاں ہیں اور دکھی انسانیت کے حق میں بھرپور آواز بلند کررہی ہے۔ اسلام کا عادلانہ نظام ہی انسانیت کے دکھوں کا مداوا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکمران اور اپوزیشن پارٹیوں پر زور دیا کہ ٹرمپ کی خوشنودی کی بجائے اللہ پر اعتماد کریں ، قومی پالیسیاں امریکہ کی خوشامد کی بجائے قوم کے وقار کو مدنظر رکھ کر تشکیل دی جائیں۔