سرویکل کینسر ویکسینیشن مہم، حکومت کا سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

 سیاسی و مذہبی جماعتوں سے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی حمایت کی اپیل کی جائے گی، ساتھ ہی ان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ مہم کے حق میں بیانات جاری کریں
ہ مذہبی و سیاسی شخصیات کو کہا جائے گا کہ وہ سوشل میڈیا پر وڈیو پیغامات جاری کر کے عوام میں آگاہی پھیلائیں،حکومتی وفد جید علمائے کرام سے بھی ملاقاتیں کرے گا 
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی حکومت نے ملک بھر میں جاری سرویکل کینسر ویکسینیشن مہم کے حوالے سے سیاسی و مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رپورٹ کے مطابق مطابق وزارت صحت نے سرویکل کینسر ویکسینیشن مہم کے خلاف جاری منفی پروپیگنڈے کے تناظر میں سیاسی اور مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کرلیا۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت صحت جلد ہی مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں سے رابطے کرے گی تاکہ انہیں ایچ پی وی ویکسین کی افادیت اور مہم کے مقاصد پر قائل کیا جا سکے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ سیاسی و مذہبی جماعتوں سے ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی حمایت کی اپیل کی جائے گی، ساتھ ہی ان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ مہم کے حق میں بیانات جاری کریں۔اس کے علاوہ مذہبی و سیاسی شخصیات کو کہا جائے گا کہ وہ سوشل میڈیا پر وڈیو پیغامات جاری کر کے عوام میں آگاہی پھیلائیں۔حکومتی وفد مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام سے بھی ملاقاتیں کرے گا تاکہ عوامی سطح پر ویکسین سے متعلق پائے جانے والے خدشات کو دور کیا جا سکے۔ذرائع کے مطابق وزارت صحت خواتین پارلیمنٹیرینز کو ایچ پی وی ویکسین کے بارے میں بریفنگ دے چکی ہے اور اب سیاسی و مذہبی جماعتوں کو باضابطہ خطوط بھی لکھے جائیں گے۔