پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے سرگودھا میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی سیاسی حیثیت پر سوال اٹھائے اور کہا کہ وہ پرچی پر آکر مذاکرات کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی عوام کے ووٹ سے اقتدار میں آئی ہے، مگر موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی بڑھ گئی ہے۔عمر ایوب نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ کے لوگوں کا سودا کرکے پانی کی تقسیم کے معاملے پر راضی ہو سکتی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے پیکا ایکٹ میں ترمیم کو مسترد کیا اور کہا کہ حکومت آزادیِ صحافت اور رائے کے اظہار پر قدغن لگا رہی ہے، جب کہ پیپلز پارٹی خاموش ہو چکی ہے۔ انہوں نے میڈیا کی آزادی پر سوالات اٹھائے اور کہا کہ پاکستان میں آزادیِ صحافت کا معاملہ ختم ہو چکا ہے۔عمر ایوب نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو امریکا یا انگلستان سے کوئی امید نہیں ہے اور سابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا پر آرٹیکل 6 لگانے کا مطالبہ کیا، کیونکہ ان کا خیال ہے کہ انہوں نے موجودہ حکمرانوں کی مدد سے الیکشن چوری کرائے۔ اس کے ساتھ انہوں نے وزیراعظم کو پارلیمانی کمیٹی بنانے کے لیے بھی خط لکھا لیکن ابھی تک جواب نہیں آیا۔