اسلام آباد / ویب ڈیسک: بھارتی انگریزی اخبار دی ہندو نے مقبوضہ کشمیر میں پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی میں بھارتی جنگی طیاروں کی تباہی کی خبر اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دی ہے، جب کہ اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر کی گئی پوسٹ بھی ڈیلیٹ کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر دی ہندو نے رپورٹ کیا تھا کہ پاک فضائیہ نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے تین جنگی طیارے مار گرائے ہیں۔ تاہم کچھ ہی دیر بعد خبر ویب سائٹ سے غائب ہوگئی، اور اس کا لنک بھی ڈی ایکٹیو ہو گیا۔ بعد ازاں سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ بھی خاموشی سے ہٹا دی گئی، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتی میڈیا شدید حکومتی دباؤ میں ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ طیارے بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف علاقوں پر میزائل حملوں کے جواب میں مار گرائے گئے۔ پاک فضائیہ کی کارروائی میں 3 رافیل طیارے، ایک مگ 29، ایک سخوئی اور ایک جاسوس ڈرون تباہ کیا گیا، جب کہ بھارتی فوج کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر اور دیگر عسکری تنصیبات بھی نشانے پر آئیں۔پاکستانی حکام نے ان کامیاب کارروائیوں کی تفصیلات میڈیا کو فراہم کیں، جب کہ بھارتی میڈیا ان واقعات کو دبانے کی کوشش کرتا رہا۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا کا ایک بڑا حصہ حکومت کا پروپیگنڈا ٹول بن چکا ہے، جہاں آزادانہ صحافت کا شدید فقدان ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب بھارتی فوج نے اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر مظفرآباد، کوٹلی، مریدکے اور احمد پور شرقیہ سمیت شہری علاقوں پر حملے کیے، جن کے نتیجے میں 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔ پاک فوج نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف دشمن کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا بلکہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی پوسٹوں کو بھی نشانہ بنایا۔وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے مطابق بھارت کو پاک فوج کے ردعمل نے ہلا کر رکھ دیا ہے، جس کے بعد بھارت نے جورا سیکٹر میں سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرلی ہے۔