سرکاری ملازمین سے کرپشن نہ کرنے کا حلف لینے کا فیصلہ

سرکاری ملازمین سے کرپشن نہ کرنے کا حلف لینے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے صوبے کے 37 ضلعی صحت افسران (ڈی ایچ اوز) سے کرپشن نہ کرنے کا حلف لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین میں کرپشن کی روک تھام اور صحت کے شعبے میں بہتری لانا ہے۔ اس سلسلے میں تمام ڈی ایچ اوز اور ان کے عملے کو مشیر صحت کے دفتر میں بلایا جائے گا، جہاں انہیں تحریری حلف نامے فراہم کیے جائیں گے۔یہ حلف نامے اس بات کی ضمانت کے طور پر ہوں گے کہ ڈی ایچ اوز اور ان کے عملے کے افراد قومی خزانے کو ذاتی مفاد کے لیے استعمال نہیں کریں گے اور اپنے کام میں ایمانداری سے محنت کریں گے۔ اس کے علاوہ، ڈی ایچ اوز سے یہ بھی حلف لیا جائے گا کہ وہ اپنے محکمے کی کارکردگی میں بہتری کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ صحت کے شعبے کی خدمت بہتر ہو سکے۔

مشیر صحت احتشام علی نے اس فیصلے کی تصدیق کی اور کہا کہ یہ اقدام بانی پی ٹی آئی کی پالیسی کے مطابق ہے، جس میں کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر کسی ڈی ایچ او یا ان کے عملے کے خلاف کرپشن کی شکایت ملی اور تحقیقات میں یہ ثابت ہوئی، تو سخت کارروائی کی جائے گی۔یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام کرپشن کے خلاف کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے، جو تمام سرکاری اداروں میں ایمانداری اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔ اس کے ذریعے نہ صرف صحت کے شعبے میں بہتری لانے کی کوشش کی جا رہی ہے بلکہ اس سے عوام کی خدمت میں بھی بہتری آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔