تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے کے دعویدار کو بشریٰ بی بی نے حلال کرپشن کروانے میں مدد دی:عظمیٰ بخاری

تبدیلی اور کرپشن کے خاتمے کے دعویدار کو بشریٰ بی بی نے حلال کرپشن کروانے میں مدد دی:عظمیٰ بخاری

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بشریٰ بی بی سے متعلق عالمی جریدے کی جاری کردہ خصوصی رپورٹ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

 انہوں نے اس رپورٹ کو 100 فیصد درست اور حقائق کے مطابق قرار دیا اور کہا کہ یہ رپورٹ بانیٔ پی ٹی آئی کے بعد سے بشریٰ بی بی کے کارناموں اور کردار کو ظاہر کرتی ہے۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ حالیہ عرصے میں عالمی میڈیا میں بشریٰ بی بی کے حوالے سے خصوصی رپورٹس شائع ہو رہی ہیں، جنہوں نے جعلی پیرخانے، روحانیت کے نام پر چھپی شیطانیت اور جادو ٹونے کے اقدامات کا پردہ چاک کیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پارٹی کے رہنماؤں جیسے پنکی، گوگی، کوچ اور بزدار نے مل کر چار سال تک بانیٔ پی ٹی آئی کو دغا دیا اور ان پر جادو ٹونے کے ذریعے اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جعلی پیرخانے اور روحانی عملیات کے ذریعے ملک و معیشت کو نقصان پہنچایا گیا، اور یہ سب کچھ عوامی سیاست اور حکومتی نظام کو کمزور کرنے کے لیے کیا گیا۔ عظمیٰ بخاری کا یہ بھی کہنا تھا کہ مخالفین کو سیاسی طور پر شکست دینے کے لیے روحانیت کا استعمال کیا گیا، مگر اب ان کی یہ روحانیت ختم ہو چکی ہے۔

مزید برآں، انہوں نے الزام لگایا کہ مریم نواز اور رانا ثناءاللّٰہ کو بشریٰ بی بی کی فرمائش پر ذہنی تشدد اور مینٹل ٹارچر کا سامنا رہا ہے، اور اب موجودہ حکومت میں بشریٰ بی بی کو جیل میں بی کلاس کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جو ان کے ظرف اور کردار کو ظاہر کرتی ہے۔اس بیان کے ذریعے عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین اور ان کے کردار کے حوالے سے سخت تنقید کی ہے، اور اس رپورٹ کو ایک اہم اور حقائق پر مبنی دستاویز قرار دیا ہے۔