کراچی: سندھ کابینہ نے سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے، گٹکا و ماوا کے خلاف سخت کارروائی، گندم کی فراہمی، مون سون سے نمٹنے اور مختلف شعبوں میں نئی ٹاسک فورسز کے قیام سمیت متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ گریڈ ایک سے 16 تک کے سرکاری ملازمین کے کنوینس (سفری) الاؤنس میں اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ بڑھتے ہوئے اخراجات کے تناظر میں ملازمین کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اجلاس میں گورنر ہاؤس اور وزیراعلیٰ ہاؤس کے عملے کی ہیلتھ انشورنس میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ معیشت، سرمایہ کاری، مالیات، آبی وسائل، موسمیاتی تبدیلی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے متعلق مختلف ٹاسک فورسز قائم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کابینہ نے گٹکا، ماوا اور مین پوری کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کی منظوری دے دی ہے۔ ان کے مطابق انسدادِ منشیات کا محکمہ (نارکوٹکس کنٹرول) اس کارروائی کی نگرانی کرے گا، جبکہ اس حوالے سے مزید مؤثر قانون سازی بھی کی جا رہی ہے۔گندم کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت پانچ لاکھ میٹرک ٹن گندم درآمد کرے گی جبکہ پاسکو سے بھی گندم خریدی جائے گی تاکہ صوبے میں آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پنجاب نے گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر عملی طور پر پابندی لگا رکھی ہے اور بارڈر سیل کر دیے ہیں، جس کی سندھ حکومت مذمت کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں بعض عناصر نے گندم کی ذخیرہ اندوزی کر رکھی ہے، تاہم حکومتی اقدامات سے ذخیرہ اندوزوں کو نقصان ہوگا اور عوام کو ریلیف ملے گا۔شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی کے ناردرن بائی پاس پر 400 ایکڑ اراضی پر جدید ٹرک اسٹینڈ قائم کیا جائے گا، جس سے شہر میں ٹریفک کے مسائل میں کمی اور مال بردار گاڑیوں کے لیے بہتر سہولیات فراہم ہوں گی۔مون سون بارشوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ کے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں، خصوصاً پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بارشوں سے جانی و مالی نقصان ہوا ہے، جبکہ اس صورتحال پر مناسب توجہ نہیں دی جا رہی۔شرجیل میمن نے اپنے بیان میں مقبوضہ کشمیر کے انتخابات کا بھی ذکر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔