بھکاریوں کا گھیرا مزید تنگ سزا جرمانے کا قانون زیر غور
بھرتی کرنے اور پناہ دینے پر 7سال قید اور 10لاکھ روپے تک جرمانہ ،بھکاریوں اور ان کے منظم گروہ کے خلاف کارروائی کا اختیار ایف آئی اے کو مل جائے گا،،وزارت داخلہ کا پیش کردہ بل سینیٹ قائمہ کمیٹی میں زیر غور
اسلام آباد (بیورو رپورٹ ،مانیٹرنگ ڈیسک)سینیٹ کابینہ کمیٹی میں بھیک مانگنے کو جرم قرار دیتے اس کی روک تھام اور منظم گروہوں کی حوصلہ شکنی کا بل پیش کردیا گیا وزارت داخلہ کا پیش کردہ بل سینیٹ قائمہ کمیٹی میں زیر غور ہے، منظم بھیک مانگنے کیلئے بھرتی کرنے اور پناہ دینے پر 7سال قید اور 10لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ بھکاریوں اور ان کے منظم گروہ کے خلاف کارروائی کا اختیار ایف آئی اے کو مل جائے گا۔ بل کے تحت منظم بھیک مانگنے سے مراد عوامی مقام پر خیرات مانگنا یا وصول کرنا، کسی کو جان بوجھ کر خیرات وصول کرنے میں ملوث کرنا اور دھوکا دہی، زبردستی یا ورغلا کر بہانے سے بھیک مانگنے میں ملوث ہونا ہے۔ قسمت کا حال بتا کر یا کرتب دکھا کر بھیک مانگنا بھی منظم بھیک مانگنا ہوگا۔ بہانے سے اشیاء کی فروخت ، گاڑی کی کھڑکی پر دستک دینا، زبردستی گاڑی کے شیشے صاف کرنا، نجی احاطے میں جا کر بھیک مانگنا یا خیرات وصول کرنا، زخم، چوٹ، بیماری، معذوری دکھا کر خیرات یا بھیک حاصل کرنا بھی منظم بھیک ہے۔