ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار، لاہور اور کراچی میں فضائی آلودگی بڑھ گئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت برقرار، لاہور اور کراچی میں فضائی آلودگی بڑھ گئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور مری، گلیات میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

مشرقی پنجاب میں بھی کچھ مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

لاہور:
سورج کی تیز کرنوں کی وجہ سے لاہور میں درجہ حرارت میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 177 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ امریکی قونصلیٹ کے علاقے میں فضائی آلودگی کی شرح 281 ریکارڈ کی گئی ہے، جب کہ جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 253 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی:
کراچی میں موسم سرد اور خشک ہے، جہاں صبح سویرے ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ کراچی میں فضائی آلودگی کی سطح بدستور خراب ہے اور شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر ہے، جب کہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی تیسرے نمبر پر ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 178 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے۔

اسلام آباد:
اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جب کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش یا بونداباندی ہو سکتی ہے۔

بلوچستان:
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، کرم، اورکزئی، خیبر اور باجوڑ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔

گلگت بلتستان:
گلگت بلتستان میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ کچھ مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔

دیگر علاقوں کی صورتحال:
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جب کہ خطہ پوٹھوہار میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ مری، گلیات اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور برفباری کی توقع کی جا رہی ہے۔ لاہور، شیخوپورہ، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں صبح کے اوقات میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔یہ موسمی پیشگوئیاں آنے والے دنوں میں تبدیلی کے امکانات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہیں۔