امریکہ میں پاکستانی سفیر کا میڈیا پر لگنے والی نئی پابندیوں کا دفاع

پیکاایکٹ میں  ترامیم آزادی اظہار کو روکنے کے لیے نہیں  بنائی گئی ہیں:رضوان سعید
 واشنگٹن (آئی این پی )ا مریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے میڈیا پر لگنے والی نئی پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ  جب تعمیری تنقید کی جاتی ہے تو حکومت اس کا خیرمقدم کرتی ہے،انہوں نے  آزادی اظہار رائے یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔میڈیارپورٹ کے مطابق  امریکی دارلحکومت واشنگٹن میں دی واشنگٹن ڈپلومیٹ کے زیر اہتمام منعقدہ  ایمبیسڈر انسائیڈر سیریز ڈائیلاگ میںپاکستانی میڈیا پر لگنے والی نئی پابندیوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ پاکستانی سفیر سے پہلا سوال ہی پاکستانی میڈیا پر لگنے والی نئی پابندیوں کے حوالے سے کیا گیا، ماڈریٹر اینڈرین روس نے آزادی اظہار رائے پر لگنے والی قدغنوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا پاکستانی حکومت پریس پر لگام ڈالنے اور اظہار رائے کی آزادی کو محدود کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔پاکستانی سفیر نے اس خیال کو مسترد کر دیا کہ ترامیم آزادی اظہار کو روکنے کے لیے بنائی گئی ہیں، اور اس کے بجائے اسے سوشل میڈیا کو ریگولیٹ کرنے کے لیے دیگر حکومتوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے مشابہ قرار دیا۔