لاہور (خصوصی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے مہنگی بجلی اور آئی پی پیز مافیا کے خلاف کل ملک گیر مظاہرے اور اہم شاہرائوں پر دھرنے ہوں گے،موجودہ حکمران فارم 47اور اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آئے ہیں، حالات بتا رہے ہیں کہ امریکا دنیا میں تنہا رہ جائے گا اور اس سے توقعات وابستہ رکھنے والے بھی ساتھ ڈوبیں گے، مقامی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھنے والے سیاست نہیں کر سکتے، مستقبل جماعت اسلامی کا ہے، ہم حق کو بیان اور مسلسل جدوجہد کرتے رہیں گے، عوام کے حقوق کے لیے منظم طریقے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، پرامن مزاحمتی تحریک ری لانچ کر رہے ہیں، عوامی کمیٹیاں بنا رہے ہیں، حکمرانوں کو بجلی سستی کرنا پڑے گی اور ناجائز ٹیکسز واپس لینا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیت گاہ میں مالاکنڈ ڈویژن سے آئے ہوئے افراد کی کثیر تعداد شریک تھی۔