پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں30روپے نہیں 130 روپے کم کریں‘ ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو لاکھوں عوام کے ساتھ اسلام آباد کا رخ کریں گے
پٹرولیم لیوی کا مقصد ریفائنریوں کو اپ گریڈ کرنا تھا مگر 8 ہزار ارب روپے سے زائد لیوی کے نام پر عوام سے جمع کئے گئے:اسلام آباد میں پریس کانفرنس
اسلام آباد(آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے ربیع الاول کے بعد پورے ملک میں پٹرولیم لیوی کے خلاف پہیہ جام ہڑتال ہوگی، اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو لاکھوں عوام کے ساتھ اسلام آباد کا رخ کریں گے ۔ وزیرِ اعظم صاحب سے مطالبہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں30روپے نہیں بلکہ 130 روپے کم کریں۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا عوام مہنگائی سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ہر شعبے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ حکومت کا نظام عوام کو ریلیف نہیں دے رہا ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے پیٹرولیم لیوی کو بھتہ ٹیکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر لیٹر پر 80 روپے ایسا ٹیکس دینا پڑتا ہے جس کا کوئی جواز نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی کا مقصد ریفائنریوں کو اپ گریڈ کرنا تھا مگر 8 ہزار ارب روپے سے زائد لیوی کے نام پر عوام سے جمع کیا گیا جبکہ ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن پر 100 ارب روپے بھی نہیں لگائے گئے۔انہوں نے بتایا کہ پشاور میں جماعت اسلامی کا بہت بڑا دھرنا جاری ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ دھرنوں میں عوام کی شرکت بڑھ رہی ہے۔ تاجر، علما، نوجوان اور سول سوسائٹی کے لوگ ان دھرنوں میں شامل ہیں۔ دھرنے عوام کے مسائل حل کرنے کا ذریعہ بن رہے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ان دھرنوں کی حمایت میں پورے پاکستان میں احتجاجی کیمپ لگائیں گے۔ ہم قوم کے لیے ریلیف لینا چاہتے ہیں اور پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں کہ اس مسئلے میں سپورٹ کرے۔