بل بم بن چکے، حکومت کو بجلی سستی کرنا پڑے گی،ناجائز ٹیکسز واپس لینا ہونگے:امیر جماعت اسلامی
لاہور،کراچی(خصوصی رپورٹ )امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ مہنگی بجلی اور آئی پی پیز مافیا کیخلاف آج ملک گیر مظاہرے اور اہم شاہرائوں پر دھرنے دئیے جا رہے ہیں ،عوام سستی بجلی کیلئے دھرنوں میں بھرپور شرکت کریں ، بجلی بل بم بن چکے ہیں، مہنگائی میں کمی کے حکومتی دعوے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔حکمرانوں کو بجلی سستی کرنا پڑے گی اور ناجائز ٹیکسز واپس لینا ہونگے۔ امریکا دنیا میں تباہی چاہتا ہے تاہم اب اسے مزاحمت کا سامناہے، افغانستان کے بعد غزہ میں اسرائیلی شکست دراصل امریکا کی ہی شکست ہے، پورا لاطینی امریکا بھی واشنگٹن کی زیادتیوں کیخلاف اکٹھا ہو رہا ہے۔ حالات بتا رہے ہیں امریکا دنیا میں تنہا رہ جائے گا ،ساتھ دینے والے بھی ڈوبیں گے، مقامی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھنے والے سیاست نہیں کر سکتے، مستقبل جماعت اسلامی کا ہے، ہم جدوجہد کرتے رہیں گے، عوام کے حقوق کیلئے منظم طریقے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ کی تربیت گاہ میں مالاکنڈ ڈویڑن سے آئے افراد سے خطاب میں کیا ،مہنگی بجلی کیخلاف کراچی میں 14مقامات پر مظاہرے ہونگے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان شام 4:30بجے کے الیکٹرک آئی بی سی پر مظاہرین سے خطاب کرینگے۔