پٹرول بم چلانے والوں کا ہتھیار کبھی نہ بننا اور کبھی ملک کے خلاف کسی کے بہکاوے میں مت آنا، ایک کھیل ہوتا ہے اور ایک کھلواڑ ہوتا ہے
طلبا ء کو لیپ ٹاپ اور الیکٹرک بائیکس دے رہے ہیں‘ کسی کے کہنے پر جلائو گھیرائو نہیں کرنا : کھیلتا پنجاب گیمز کے افتتاح پر تقریب سے خطاب
لاہور (آن لائن) وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق کے میکانزم کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہا ہے،پنجاب حکومت جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے فروغ کیلئے پْرعزم اور کاربند ہے۔ مریم نواز سے یورپی یونین کے خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق اولوف سکوگ کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بنیادی انسانی حقوق، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے یورپی یونین کی پاکستان خصوصاً پنجاب سے مسلسل شراکت داری اور انسانی حقوق کے معاملے پر تعمیری روابط کو سراہا۔ یورپی یونین وفد نے پنجاب حکومت کی انسانی حقوق کے تحفظ کی کاوشوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا، یورپی یونین کے نمائندے اولوف سکوگ نے پاکستان کی جانب سے انسانی حقوق کے فروغ اور کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ زیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کھیلتا پنجاب گیمز کا افتتاح کر دیا۔ تقریب میں کھیلتا پنجاب گیمز کی مشعل روشن کی گئی۔مریم نواز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔ پنجاب چیمپئنز سے بھرا پڑا ہے۔ اور پنجاب کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیلتا پنجاب گیمز پاکستان کی تاریخ کا بڑا ایونٹ ہے۔ پنجاب میں بچوں کو کھیلتا اور آگے بڑھتا دیکھنا چاہتی ہوں۔ اس سے قبل پنجاب میں کھیل کے میدان کئی سال سے ویران تھے۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پیٹرول بم چلانے والوں کا ہتھیار کبھی نہ بننا۔ اور کبھی ملک کے خلاف کسی کے بہکاوے میں مت آنا۔ ایک کھیل ہوتا ہے اور ایک کھلواڑ۔طلبا کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم طلبا کو لیپ ٹاپ اور الیکٹرک بائیکس بھی دے رہے ہیں۔ جبکہ نوجوانوں نے کسی کے کہنے پر جلاو گھیراو نہیں کرنا اور ملک کے خلاف قدم نہیں اٹھانا۔