عمران خان سزا پوری کریں، مذاکرات میں رِہائی پر بات نہیں ہوگی، گورنر پخونخوا

عمران خان سزا پوری کریں، مذاکرات میں رِہائی پر بات نہیں ہوگی، گورنر پخونخوا

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اپنی سزا مکمل کریں گے اور انہیں کسی صورت این آر او نہیں دیا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کے ساتھ کسی بھی مذاکرات کا انعقاد بھی ہوتا ہے تو اس میں عمران خان کی رہائی زیر بحث نہیں آئے گی۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر اب تک پیپلزپارٹی سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، اور اگر واقعی سنجیدہ مذاکرات کی بات ہوتی تو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس حوالے سے بیان دیتے۔ انہوں نے پی ٹی آئی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی اس جماعت نے مذاکراتی عمل کو سبوتاژ کیا ہے۔گورنر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایک شخص کے لیے پورے صوبے کو نقصان پہنچایا، اور پارٹی کو چاہیے کہ وہ صوبے کے عوام پر بھی توجہ دے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی 16 ماہ کی حکومت کے دوران اتحادی جماعتوں اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کی میز پر بٹھایا گیا، تاہم 9 مئی کے واقعات نے سیاسی ماحول مزید خراب کر دیا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمیشہ اس بات کی حامی رہی ہے کہ سیاسی مسائل کا حل سیاستدان خود نکالیں، لیکن پی ٹی آئی قیادت کا رویہ متضاد ہے۔ ایک طرف مذاکرات کی بات کی جاتی ہے اور دوسری طرف عمران خان کے اسلام آباد پر چڑھائی سے متعلق اشتعال انگیز بیانات سامنے آتے ہیں، جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بناتے ہیں۔گورنر نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی میں اصل اختیار کس کے پاس ہے، کیونکہ پارٹی کے اندر اعتماد کی کمی واضح ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی میں اب امپورٹڈ لیڈرز پر کام شروع ہو چکا ہے، اور اپوزیشن لیڈر کے لیے محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کے نام دیے گئے ہیں، جن کی سیاسی ایکسپائری کے بارے میں خود پارٹی کو بھی علم نہیں۔