سابق بنگلہ دیشی وزیراعظم خالدہ ضیا انتقال کر گئیں

عمر80برس ، جگر کے عارضے سمیت کئی امراض میں مبتلا تھیں 
 1991 میں ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں، جلاوطن ہوئیں
صدر ، وزیر اعظم ،کا اظہار افسوس،ایاز صادق آج ڈھاکہ جائینگے 
ڈھاکہ،اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت کئی امراض میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے ڈھاکہ کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں، منگل کی صبح 6بجے وہ خالق حقیقی سے جا ملیں۔خالدہ ضیا بنگلہ دیش کی معروف سیاستدان تھیں، جنہوں نے 1991 سے 1996 اور پھر 2001 سے 2006 تک ملک کی وزیراعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔وہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں ، انہیں مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔خالدہ ضیا بنگلہ دیش کے سابق صدر ضیا الرحمان کی اہلیہ تھیں۔ سیاسی کیریئر کے دوران ان پر کرپشن کے الزامات لگے۔ انہیں 2018 میں 5 برس کیلئے جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔ عوامی لیگ کی لیڈر شیخ حسینہ واجد سے ان کی طویل سیاسی رقابت رہی۔ بال آخر شیخ حسینہ واجد کو پچھلے سال حکومت چھوڑنا پڑگئی تھی۔ یاد رہیکہ خالدہ ضیا کے بیٹے اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کے عبوری چیئرمین طارق رحمان چند روز قبل 17 سالہ جلاوطنی ختم کر کے وطن واپس پہنچے تھے، ان کی واپسی ایسے وقت میں ہو ئی ۔طارق رحمان 2008 میں 18 ماہ قید کے بعد علاج اور دیگر وجوہات کی بنا پر برطانیہ چلے گئے تھے۔علاوہ ازیں خالدہ ضیا کے انتقال پر بنگلہ دیش میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کی نماز جنازہ پارلیمنٹ کے سامنے نماز جمعہ کے بعد ادا کی جائے گی، انہیں شوہر ضیا الرحمٰن کے پہلو میں دفن کیا جائے گا۔ عبوری وزیراعظم محمد یونس نے قوم سے پرامن رویہ اپنانے اور سوگ کی تمام رسومات میں ضبط و تحمل دکھانے کی اپیل کی۔وزیر اعظم شہباز شریف نے خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو ایکس پر اپنے تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم نے خالدہ ضیا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بنگلہ دیش کی ترقی اور خوشحالی کے لیے عمر بھر جو جدوجہد کی اس کے دیرپا اثرات ہوں گے۔ خالدہ ضیا پاکستان کی مخلص دوست تھیں،غم کی اس گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ ہیں۔انہوں نے خالدہ ضیا کے اہل خانہ اور بنگلہ دیش کے عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ آ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے خالدہ ضیا کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ایکس پر ایک پیغام میں صدر مملکت نیسابق وزیر اعظم کے اہل خانہ اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کی قیادت اور خدمات کو احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ آ تعالی مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی خالدہ ضیا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق خالدہ ضیا کی نماز جنازہ میں شرکت کریں گے۔وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر سردار ایاز صادق ڈھاکہ جا رہے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اپنے دورے کے دوران خالدہ ضیاکے اہل خانہ سے ملاقات کر کے حکومت پاکستان اور عوام کی طرف سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کریں گے۔اس کے علاوہ سردار ایاز صادق بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی خالدہ ضیا کے جنازے میں شرکت کریں گے۔