بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا ء انتقال کر گئیں

جگر کے عارضے سمیت کئی امراض میں مبتلا اور کافی عرصے سے ہسپتال میں زیر علاج تھیں
بنگلہ دیش کی پہلی اور  مسلم دنیا میں بے نظیر کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزازملا
 بیگم خالدہ ضیاء کی سیاسی خدمات اور قیادت کو احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا: آصف علی زرداری ‘شہبازشریف
ڈھاکہ‘اسلام آباد (آئی این پی )نگلا دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق خالدہ ضیا جگر کے عارضے سمیت کئی امراض میں مبتلا تھیں اور کافی عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھیں تاہم  منگل کی صبح   خالق حقیقی سے جا ملیں،  ان کا انتقال دارالحکومت ڈھاکا کے ہسپتال میں مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بجے ہوا۔وہ بنگلا دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جبکہ انہیں مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔خالدہ ضیا بنگلادیش کے سابق صدر ضیا الرحمان کی اہلیہ تھیں۔ سیاسی کیریئر کے دوران ان پر کرپشن کے الزامات لگے۔ انہیں 2018 میں 5 برس کیلئے جیل بھی کاٹنا پڑی تھی۔ عوامی لیگ کی لیڈر شیخ حسینہ واجد سے ان کی طویل سیاسی رقابت بھی رہی۔ بالآخر شیخ حسینہ واجد کو پچھلے سال حکومت چھوڑنا پڑگئی تھی۔‘ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم بیگم خالدہ ضیاء   کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ ایوانِ صدر کے میڈیا وِنگ کے مطابق  صدر نے بیگم خالدہ ضیاء  کے اہلِ خانہ اور بنگلہ دیش کے عوام سے دلی تعزیت کی اور اس غمگین موقع پر ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بیگم خالدہ ضیاء کی سیاسی خدمات اور قیادت کو احترام کے ساتھ یاد رکھا جائے گا، اور ان کی جدوجہد اور قربانیاں بنگلہ دیش کی تاریخ میں ہمیشہ ایک سنگ میل کے طور پر یاد رکھی جائیں گی۔وزیراعظم شہبازشریف نے بھی خالدہ ضیا کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے