لاہور (خصوصی رپورٹ )محفوظ بسنت کے حوالے سے کمشنر لاہورمریم خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا جس میں کائٹ فلائنگ آرڈیننس 2025 کے تحت نوٹیفکیشن پر من وعن عملدر آمد کرا نے کا حکم دیا گیا ہے، اجلاس میں ڈی آئی جی آپریشنز ،سی ٹی او ،ڈی سی ،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ،اے سیز و دیگر نے بھی شرکت کی۔ کمشنر مریم خان نے کہا کہ انسانی جان کا تحفظ اولین ترجیح ،محفوظ بسنت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہری بھی محفوظ بسنت کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے،لاہور ضلع کی حدود میں 3روزہ محفوظ بسنت6،7،8 فروری 2026 ہوگی۔ پتنگ و ڈور کی فروخت کی اجازت صرف یکم فروری تا 8 فروری ہوگی،6فروری 2026سے پہلے لاہور میں پتنگ بازی کی قطعا اجازت نہیں۔ تین روزہ محفوظ بسنت کے دوران سیفٹی راڈز کے بغیر کوئی موٹر سائیکل روڈ پر نہیں آئیگی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ تمام اے سیز فوری کریک ڈا ئون کریں،زیرو غفلت کی بھی گنجائش نہیں ہے۔ انہوں نے قریبی اضلاع کو بھی اپنے ایریاز میں پتنگ بازی کیخلاف کریک ڈاون کی ہدایت کی ہے۔ مریم خان نے کہا کہ مینوفیکچررز،ٹریڈرز،سیلرز کی ای بز ایپ پر آن لائن رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔