اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، امریکا اپنی جارحیت کا خود ذمہ دار ہوگا:عراقچی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف ایران بل کہ اپنے ووٹرز کو بھی دھوکا دیا ہے، ایرانی وزیر خارجہ
استنبول (مانیٹرنگ ڈیسک)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کے ایران پر حملے کو بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف ایران بل کہ اپنے ووٹرز کو بھی دھوکا دیا ہے۔انہوں نے استنبول میں او آئی سی اجلاس کے دوران خطاب میں کہا، ٹرمپ جس منشور پر منتخب ہوئے تھے، اس میں ہمیشہ کی جنگوں سے امریکا کو نکالنے کا وعدہ تھا، لیکن اب انہوں نے ایران پر حملہ کرکے نہ صرف ہماری سفارتی کوششوں کی توہین کی بل کہ اپنے ووٹروں سے بھی غداری کی۔عباس عراقچی نے امریکی حملوں کو ناقابل معافی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت مذاکرات کی کوئی گنجائش نہیں۔ میرا ملک حملے کی زد میں آیا ہے، اور اب ہم اپنے جائز حق دفاع کے تحت جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکی اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ امن نہیں، تصادم چاہتے ہیں، اور اسرائیل جیسے نسل کش رجیم سے مل کر خطے کو بدامنی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ایرانی اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، امریکا اپنی جارحیت کے نتائج کا ذمہ دار خود ذمہ دار ہوگا۔ عراقچی نے مزید کہا کہ امریکاکا یہ عمل اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔