سیاست ہوتی رہے گی، امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا:گورنر کے پی

 فضل الرحمان سمیت تمام رہنمائوں کو سکیورٹی فراہم کریں گے، امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری 
  پشاور (آئی این پی )گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سیاست ہوتی رہے گی، امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مولانا فضل الرحمان سمیت تمام رہنمائوں کو سیکیورٹی فراہم کریں گے، امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ہاکی کی بحالی کیلئے تمام اداروں کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، ہاکی کے میدان میں عظمت رفتہ کو بحال کرنا ہے، پاکستان کو کرکٹ میں خیبرپختونخوا نے بڑے کھلاڑی دیئے ہیں، موقع ملا تو خیبرپختونخوا سے بھی اچھے کھلاڑی دیں گے، ہاکی کے کھیل کی ترقی کیلئے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سمیت تمام رہنمائوں کو سیکیورٹی فراہم کریں گے، امن و امان کا قیام صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، گورنر ہائوس میں آج (پیر کو) علما و مشائخ کے ساتھ اجلاس ہوگا، سیکیورٹی فورسز کے جوان دہشتگردی کیخلاف جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں، سیاست ہوتی رہے گی، امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔