اساتذہ کیلئے آن لائن اے سی آر لازمی قرار

لاہور( خصوصی رپورٹ) پنجاب بھر کے تقریباً تین لاکھ اساتذہ کے لیے محکمہ اسکول ایجوکیشن نے نئے احکامات جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت اساتذہ کو اپنی سالانہ کارکردگی رپورٹ(اے سی آر) آن لائن جمع کرانا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے محکمہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی سال 2025 کی تمام سالانہ اے سی آرز محکمہ کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے واضح کیا ہے کہ اے سی آرز اساتذہ کی ترقی، سروس بینیفٹس اور دیگر مراعات کے حصول کے لیے بنیادی شرط ہوں گی۔محکمہ نے خبردار کیا ہے کہ جو اساتذہ مقررہ مدت میں آن لائن اے سی آرز جمع نہیں کرائیں گے، ان کی ترقی اور دیگر مراعات متاثر ہو سکتی ہیں۔ اس ضمن میں تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اضلاع میں ان احکامات پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنائیں۔محکمہ اسکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ آن لائن نظام سے شفافیت، بروقت ریکارڈ کی تیاری اور اساتذہ کے سروس معاملات کو بہتر انداز میں نمٹانے میں مدد ملے گی۔