لیسکو : کیو آر کوڈ کے ذریعے آن لائن بل کی ادائیگی

صارفین گھر بیٹھے تیز اور محفوظ طریقے سے بل جمع کرا سکیں گے 
 لاہور (کرائم ر پورٹر)لیسکو نے اپنے صارفین کی سہولت کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے کیو آرکوڈ کے ذریعے آن لائن بل ادائیگی کی نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرادی ہے۔لیسکو کے صارفین اب کسی بھی موبائل بینکنگ ایپ کے ذریعے اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کر کے فوری ادائیگی کر سکتے ہیں۔ اس سہولت کے تحت صارفین کو بینک برانچز یا بل جمع کرانے کے مراکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے وقت اور محنت کی بچت ممکن ہوگی۔کمپنی کے مطابق ہر لیسکو بل پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب ہوگی، تاکہ صارفین گھر بیٹھے تیز، آسان اور محفوظ طریقے سے اپنے بل جمع کرا سکیں۔ یہ اقدام لیسکو کی جانب سے ڈیجیٹل سروسز کو فروغ دینے اور صارفین کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے وڑن کی عکاسی کرتا ہے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے اس موقع پر کہا کہ لیسکو اپنے صارفین کو سہولت، شفافیت اور جدیدیت پر مبنی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے بل ادائیگی کا نظام نہ صرف صارفین کے لیے آسانی پیدا کرے گا بلکہ کمپنی کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔