24 دسمبر تک آوارہ کتوں کو نہ مارنے کا حکم

 لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو قانونی نکات پر معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیے
راولپنڈی(خصوصی رپورٹ)آوارہ کتوں کو مارنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے راولپنڈی انتظامیہ کو 24 دسمبر تک آوارہ کتوں کو مارنے سے روکنے کا حکم جاری کردیا۔لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس جواد حسن نے آوارہ کتوں کو مارنے کے خلاف التمش سعید کے توسط سے انیلہ عمر کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے راولپنڈی کی انتظامیہ کو 24 دسمبر تک آوارہ کتوں کو مارنے سے روکنے کا حکم جاری کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی قانونی نکات پر معاونت کے لیے نوٹس جاری کردیے، درخواست میں حکومت پنجاب، لائیوسٹاک، کمشنر ڈی سی سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔درخواست گزار نے دعویٰ کیا کہ انتظامیہ نے کتا مار مہم کے لیے ٹینڈر جاری کیا، 5 ہزار 200 کتوں ویکسینیشن کے لیے ایک کروڑ 4 لاکھ روپے کا ٹینڈر جاری کیا، یہ ٹینڈر ان کی ویکسینیشن کے لیے نہیں بلکہ کتوں کو مارنے کے لیے جاری کیا گیا۔