دھند :ڈیوس روڈ پر پی ٹی سی ایل کیبل چوری

 کیبل چوری ہونے سے سینکڑوں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کنکشن بند ہو گئے
سرکاری و نجی دفاتر کے امور متاثر، شہری مشکلات اور پریشانی کا شکار رہے
لاہور(کرائم رپورٹر)شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کی آڑ میں نامعلوم چور رات کے وقت ڈیوس روڈ پر گورنر ہائوس کے قریب پی ٹی سی ایل کی قیمتی مین کیبل چوری کر کے فرار ہو گئے۔ کیبل چوری کے نتیجے میں علاقے میں سینکڑوں ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کنکشنز معطل ہو گئے، جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔ذرائع کے مطابق کیبل کٹنے کے باعث متعدد سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر میں دفتری امور ٹھپ ہو کر رہ گئے جبکہ آن لائن سروسز سے وابستہ کام شدید متاثر ہوئے۔ شہریوں نے شکایت کی کہ فون اور انٹرنیٹ سروس بند ہونے سے انہیں شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کیبل کی مرمت و بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف پہلوئوں سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مئوثر سکیورٹی اقدامات کیے جائیں تاکہ آئندہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے