لاہور(سپورٹس ڈیسک) ڈیوس کپ گروپ ٹو ٹائی میں پاکستان اور سینیگال آج (جمعہ) سے مدمقابل ہونگے، ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ جب تک ملک کو ضرورت ہوگی وہ ڈیوس کپ کھیلتے رہیں گے۔ڈیوس کپ ٹائی کے ڈراز کا اعلان اسلام آباد میں ہوا۔ ایونٹ کے پہلے روز سنگلز میں پاکستان کے مزمل مرتضیٰ اور سینیگال کے نکولس جان جبکہ عقیل خان کا مقابلہ سیدنا ایندرے سے ہوگا۔ دوسرے روز ڈبلز میں اعصام الحق اور مزمل مرتضیٰ کی جوڑی نکولس جان اور سیدنا ایندرے کے خلاف میدان میں اترے گی جس کے بعد ریوس سنگلز کے مقابلے ہونگے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے نان پلینگ کپتان رشید ملک نے کہا کہ ڈیوس کپ کی یہ بہترین ٹیم ہے، ذمہ داری چیلنج سمجھ کر قبول کی۔سینیگال کیخلاف کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔اسٹارکھلاڑی اعصام الحق کا کہنا تھا کہ گروپ ٹو ٹائی جیتنے کی پوری کوشش کی جائے گی کوشش ہے کہ اپنے تجربات سے نوجوانوں کو فائدہ پہنچاؤں۔سینیگال ٹیم کے نان پلینگ کپتان بیڈی ڈائنگ نے ٹائی میں پاکستان مضبوط حریف قرار دیتے ہوئے پاکستان کی مہمان نوازی شاندار قرار دیا۔ڈیوس کپ ٹائی کے مقابلے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد کے گراس کورٹس پر کھیلے جائیں گے۔