خالدہ ضیا کی آج ڈھاکا میں تدفین، پاکستان کی نمائندگی ایاز صادق کریں گے

خالدہ ضیا کی آج ڈھاکا میں تدفین، پاکستان کی نمائندگی ایاز صادق کریں گے

بنگلادیش کی پہلی خاتون وزیراعظم خالدہ ضیا کو آج ڈھاکا میں قومی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

نمازِ جنازہ ڈھاکا میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ادا کی جائے گی، جس میں اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔خالدہ ضیا کے انتقال پر بنگلا دیش میں تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔ مرحومہ کو سابق صدر اور ان کے شوہر ضیا الرحمان کے پہلو میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔خالدہ ضیا طویل عرصے سے جگر کے عارضے سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا تھیں اور ڈھاکا کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، تاہم گزشتہ روز وہ خالقِ حقیقی سے جا ملیں۔

وہ بنگلا دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم تھیں جبکہ مسلم دنیا میں بے نظیر بھٹو کے بعد دوسری خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز بھی رکھتی تھیں۔ انہوں نے 1991 سے 1996 اور بعد ازاں 2001 سے 2006 تک بطور وزیراعظم خدمات انجام دیں۔نمازِ جنازہ میں بھارت، بھوٹان اور مالدیپ سمیت متعدد ممالک کے اعلیٰ حکام کی شرکت متوقع ہے۔