رحیم یار خان شہبازشریف کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات‘دفاعی تعاون بڑھانے پراتفاق

وزیراعظم  نے شیخ زاید پیلس رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران  شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی‘اسحاق ڈار‘عطاء تارڑ‘طارق فاطمی اور سینئر حکام بھی ملاقات میں شریک تھے
ملاقات میں  دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو سٹریٹجک، باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ ‘ دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی ضرورت پر زور دیاگیا:اعلامیہ جاری
رحیم یار خان(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شیخ زاید پیلس رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران  شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات کی۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔گرم جوشی اور خوشگوار ماحول میں ہونے والی اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے 26 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقات میں طے پانے والے امور کو آگے بڑھایا، جب  شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے بطور صدر یو اے ای پاکستان کا پہلا سرکاری دورہ کیا تھا۔وزیراعظم نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ، برادرانہ تعلقات کو ایک اسٹریٹجک، باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اسے مطلوبہ سطح تک لے جایا جا سکے۔ دونوں رہنماؤں نے آئی ٹی، توانائی، کان کنی و معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور دفاعی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا۔وزیراعظم نے شیخ زید کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں یو اے ای کی غیر معمولی ترقی کی بھرپور تحسین کرتے ہوئے مضبوط دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے یو اے ای کے صدر کی سرپرستی اور عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یو اے ای کی جانب سے 21 لاکھ پاکستانیوں کی میزبانی کو بھی سراہا جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔دوطرفہ تعاون کے علاوہ، دونوں رہنماؤں نے مختلف موضوعات پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا۔