اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی الوداعی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ اقتصادی تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیر خزانہ نے میکرو اکنامک استحکام کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر زور دیا اور آئی ایم ایف سے قرض کی سہولت فراہم کرنے پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔ملاقات میں وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہا کہ امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے، اور دونوں ممالک اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے آئی ٹی ایکسپورٹ سیکٹر کی ترقی اور آئی ٹی و ڈیجیٹل خدمات میں تجارت کے اضافے کے امکانات پر بھی بات کی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات کی تعریف کی اور پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور ترقی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔