فلسطینی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی غزہ امن معاہدے میں حمایت پر شکریہ ادا کیا

فلسطینی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کی غزہ امن معاہدے میں حمایت پر شکریہ ادا کیا

پاکستان میں فلسطین کے سفیر ڈاکٹر زہیر محمد حمداللہ زید نے غزہ میں ہونے والے امن معاہدے پر وزیراعظم شہباز شریف کی حمایت کو قابلِ ستائش قرار دیا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان ٹی وی کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے ہر سطح پر فلسطین کے موقف کو مضبوط انداز میں پیش کیا اور عالمی سطح پر واضح پیغام دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کی یہ حمایت فلسطینی عوام اور قیادت کے دل جیتنے والی ہے اور اس کے لیے الفاظ کم پڑ جاتے ہیں۔ڈاکٹر زہیر محمد کے مطابق پاکستان کی قیادت نے فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ میں عملی اور مضبوط اقدامات کیے، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے مستقل اور فعال موقف رکھتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس نے امن مذاکرات کے پہلے مرحلے میں جنگ بندی پر اتفاق کر لیا ہے، جس کے بعد غزہ میں یرغمالیوں کی رہائی کا عمل شروع ہوگا۔یہ عالمی سطح پر بھی اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے، اور فلسطینی قیادت نے پاکستان کی مسلسل حمایت کو اس کامیابی میں اہم قرار دیا ہے۔