پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی ذہنی صحت کے جائزے کے لیے نیا منصوبہ تیار

پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی ذہنی صحت کے جائزے کے لیے نیا منصوبہ تیار

پنجاب حکومت نے جیلوں میں قیدیوں کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے کے لیے ایک اہم منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت صوبے کی 43 جیلوں میں قیدیوں کی ذہنی حالت کا جائزہ لیا جائے گا۔

 اس منصوبے کے تحت چیف سائیکالوجسٹ ہر ماہ پانچ جیلوں کا دورہ کر کے رپورٹ مرتب کریں گے اور کم از کم دو علاقوں میں جیلوں کا معائنہ کریں گے۔صوبے کی جیلوں میں تعینات سائیکالوجسٹ کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور قیدیوں کے رویے میں بہتری کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ تمام جیلوں میں موجود ذہنی صحت مراکز کا دورہ بھی چیف سائیکالوجسٹ کی ذمہ داری ہوگی۔اس منصوبے کے تحت جیلوں میں تعینات سینئر اور جونیئر سائیکالوجسٹ قیدیوں کے تفصیلی معائنہ کریں گے، خاص طور پر پر تشدد رویے رکھنے والے قیدیوں کی کاؤنسلنگ کی جائے گی۔

مزید یہ کہ، ذہنی تناؤ کا شکار قیدیوں کے بہتر رویے کے لیے جیل عملے کی تربیت بھی سائیکالوجسٹ کی ذمہ داری ہوگی۔یاد رہے کہ پنجاب بھر کی جیلوں میں 44 سینئر اور 43 جونیئر سائیکالوجسٹ تعینات ہیں جو قیدیوں کی فلاح اور ذہنی صحت کے بارے میں کام کر رہے ہیں۔