پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے لیے رمضان مینو جاری

پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کے لیے رمضان مینو جاری

لاہور: پنجاب بھر کی جیلوں میں قیدیوں کے لیے رمضان المبارک کے دوران سحری اور افطاری کا خصوصی مینو جاری کر دیا گیا ہے۔

 جیل حکام کے مطابق سحری میں قیدیوں کو چائے، سالن اور روٹی دی جائے گی، جبکہ افطاری میں روزمرہ کے مینو کے ساتھ کھجور، سموسہ، شربت اور دہی فراہم کیا جائے گا۔

سحری اور افطاری کی تیاری کے خصوصی انتظامات
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کی جانب سے تمام جیل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے، جس میں سحری اور افطاری کے دوران خصوصی انتظامات کی ہدایات دی گئی ہیں۔ مراسلے کے مطابق:جیلوں کے کچن انچارج اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس اپنی نگرانی میں سحری اور افطاری تیار کروائیں گے۔انچارج اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹس ہر بارک میں قیدیوں کو کھانے کی بروقت تقسیم یقینی بنائیں گے۔سپرنٹنڈنٹ جیل اور میڈیکل آفیسر اچانک دورے کر کے سحری اور افطاری کی تیاری اور معیار کا جائزہ لیں گے۔اگر کسی بھی بے ضابطگی کی نشاندہی ہوئی تو قصور وار عملے کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
سکیورٹی اور طبی سہولیات کے انتظامات

رمضان کے دوران سکیورٹی سخت کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔سحری اور افطاری کے اوقات کے بعد کم از کم ایک گھنٹے تک پیرا میڈیکل اسٹاف کو جیل اسپتال میں موجود رہنے کا پابند کیا گیا ہے۔سحری کی خوراک کی تقسیم افطار سے کم از کم 30 منٹ قبل مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
عطیات اور اشیائے خوردونوش کا ریکارڈ

یکم رمضان سے آخری روزے تک مخیر حضرات کی جانب سے دیے گئے تمام عطیات اور کھانے پینے کی اشیاء کا روزانہ کی بنیاد پر مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا۔جیلوں میں موجود یوٹیلیٹی اسٹورز اور ٹک شاپس پر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مارکیٹ ریٹ سے زیادہ نہیں ہونی چاہئیں، اور خلاف ورزی پر متعلقہ سپرنٹنڈنٹ جیل، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اور لائنز آفیسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔مخیر حضرات کی جانب سے فراہم کردہ تمام اشیاء کی مکمل چیکنگ اور سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی قیدیوں کو فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔پنجاب کی تمام جیلوں میں رمضان کے دوران ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے جیل حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔